*▪️مسائل ا ور ان کا حل*
تحریر : مفتی محمد زبیر
سوال:۔کاغذات جعلی ہونا گاڑی کے عیب میں شمار ہوگایا نہیں؟ کاغذات جعلی ہوں تو خریدار کو گاڑی واپس کرنے کا حق ہے یا نہیں؟
جواب:۔ہر وہ چیز جو قیمت میں کمی کا باعث بنے عیب کہلاتی ہے۔ عیب ظاہر ہونے کی صورت میں خریدار کوچیز واپس کرنے کا حق حاصل ہے۔ کاغذات کاجعلی ہونا گاڑی کے عیب میںشمار ہوتا ہے۔کاغذات جعلی ہونے کی وجہ سے عموماً گاڑی کی قیمت میں کمی آجاتی ہے اور اکثر لوگ ایسی گاڑیوں کی خریداری میں دلچسپی نہیں رکھتے لہٰذا خریدار کو کاغذات کے جعلی ہونے کی بنا پر خریدار کو گاڑی واپس لوٹانے کا حق حاصل ہو گا۔(الفتاوی الہندیۃ 3/66)، (فی الدر المختار وحاشیۃ ابن عابدین 5/ 4)
قسم کھانا
سوال:۔زید نے قسم کھائی کہ وہ فلاں سے بات نہیں کرے گا پھر زید نے فلاں سے میسج پر بات کرلی،تو کیا زید حانث ہو جائے گا اور اس پر کسی قسم کا کفارہ لازم ہوگا؟
جواب:۔ایسی صورت میں زید میسج پرتحریری بات کرنے سے حانث نہیں ہوگا،کفارہ بھی لازم نہیں ہوگا۔فی الدر المختار (3/ 792)،(وفی الفتاوی الہندیۃ 2/ 97)
مریض کو وینٹی لیٹر پر رکھنا
سوال:۔جومریض وینٹی لیٹر پر ہوتے ہیں،اگر وینٹی لیٹر ہٹادیا جائے تو موت واقع ہوجاتی ہے، وینٹی لیٹر پربہت خرچہ آتا ہے تو کیا موت تک وینٹی لیٹر پر رکھنا ضروری ہے؟اگر استطاعت نہ ہوتو کیا وینٹی لیٹر ہٹوایا جاسکتا ہے، ورثاء کو اسے ہٹانے کا گناہ تو نہیں ہوگا؟
جواب :۔تنفس برقرار رکھنے کیلئے مصنوعی مشینوں کا استعمال شرعاً کوئی ضروری نہیں بالخصوص جبکہ مشین کے بغیر زندہ رہنے کا امکان نظر نہ آتا ہو اور مشینوں کے اخراجات برداشت کرنا مشکل ہو لہٰذااس صورت میں وینٹی لیٹر ہٹا لینا جائز ہے اورورثاء کو کوئی گناہ نہ ہوگا۔(وفی الفتاوی الہندیۃ 5/ 355)
جانور کو اجرت کے بدلے برابر تقسیم کرنا
سوال:۔اگر کوئی شخص دوسرے کوگائے بکری وغیرہ دے اور کہے کہ اس کا تم خیال رکھا کروجب بیچیں گے تو رقم برابر تقسیم ہوگی،اس طرح کے معاملے کا کیا حکم ہے۔(امجد اسلام فیصل آباد)
جواب: اس طرح کرنا شرعاً جائز نہیں یہ اجارہ فاسد ہے،جس سے احتراز لازم ہے۔ تاہم اس کے جواز کی مندرجہ ذیل صورتیں ہو سکتی ہیں۔
1۔مالک اپنی گائے بکری وغیرہ کا نصف حصہ جانور پالنے والے شخص کو قیمت طے کر کے فروخت کردے او دوسرا شخص اسی سودے کو قبول کر لے۔ پھر فروخت کنندہ اس کی قیمت معاف کردے اور اس شخص کو یہ کہے کہ تم اس کی پرورش کرو،اس گائے وغیرہ کو اور اس کے ہونے والے بچوں کو ہم آپس میں آدھا تقسیم کریں گے۔
2۔جانور پالنے والے کی اجرت رقم کی شکل میں متعین طور پر الگ سے طے کرلی جائے،گائے وغیرہ کے بچوں کو تقسیم کرنا طے نہ کیا جائے، البتہ بعد میں باہمی رضا مندی سے اگر اجرت کی رقم کے عوض گائے کے نصف بچوں کو باہمی رضا مندی سے دے دیا جائے تو اس کی گنجائش ہے۔ (رد المحتار،4/327)،(الفتاوی الہندیۃ 4/ 446)
نذر کاگوشت کھانا
سوال:۔ایک شخص نے نذر مانی کہ اگر فلاں کام ہو گیا تو میں قربانی کر وں گا،تو کیا وہ اور اس کے گھر والے اس نذر والی قربانی سے کھا سکتے ہیں؟اگر نہیں تو کھا لینے کی صور ت میں کیا حکم ہو گا؟
جواب:۔نذر کی قربانی کا گوشت نذر ماننے والا نہ خود کھا سکتا ہے اور نہ ہی اس کے اہل خانہ ۔ البتہ اگر غلطی سے کھا لیا ہو تو جتنا گوشت کھایا ہے اس کی قیمت صدقہ کرے۔ (سورۃ التوبہ:60)، (الفتاوی الہندیۃ 5/ 300)
You must be logged in to post a comment.